• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے سنبل کی اُداسی دور کرنے کی بہت کوشش کی تھی: اسما عباس

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنی بہن سنبل شاہد کا اپنے جوان بیٹے کو کھو دینے کا دُکھ دور کرنے کی بہت کوشش کی تھی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

سنبل شاہد کے انتقال کے بعد سے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی بہن کی یاد میں مختلف پیغامات جاری کرنے والی سینئر اداکارہ اسما عباس نے اس بار بہن کی یاد میں انسٹاگرام کا رُخ کیا ہے۔


اسما عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور سنبل شاہد کی تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنی بہن کو گلے سے لگایا ہوا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے بہت کوشش کی تھی کہ آپ کی آنکھوں سے اُداسی دور کرسکوں لیکن آپ کو شیری (سنبل شاہد کا مرحوم بیٹا) کے پاس جانا تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’خُدا کرے آپ کا اور شیری کا ملن ہوگیا ہو لیکن میں آپ کو بہت زیادہ یاد کرتی ہوں۔‘

اسما عباس نے مزید لکھا کہ ’آپ میرے دل میں ہمیشہ رہیں گی کیونکہ ہم دونوں کی تو بات ہی الگ تھی۔‘

واضح رہے کہ ڈیڑھ سال قبل سنبل شاہد کے بیٹے شیراز کا بھی انتقال ہوگیا تھا، شیراز چترال میں پیرا گلائیڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے تھے۔

بیٹے کے انتقال کے بعد سے سنبل شاہد شدید غم میں مبتلا تھیں اور گزشتہ دنوں وہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

خیال رہے کہ سنبل شاہد نے جیو کے مقبول ڈراموں ملکہ عالیہ، عشقہ وے میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ سنبل شاہد نے جیو کی ڈرامہ سیریل تاکے کی آئیگی بارات میں تاکے کی ماں کا مقبول کردار نبھایا تھا۔

تازہ ترین