وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا، نیب کی طرف شہباز شریف کا کیس آیا ہے، جس میں شہباز شریف کے فیملی ممبر مفرور ہیں۔
راولپنڈی کی لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہم نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا، رات کو کابینہ میں سمری بھیجی تھی۔
شیخ رشید نے غزہ میں اسرائیلی جارجیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا مسئلہ نہ ہوتا تو فلسطینیوں کی حمایت کے لیے باہر نکلتے، کشمیر اور فلسطین آزاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی اور پاک فوج نے بہترین کام کیا ہے، سعودی عرب سے معمولی جرائم والے قیدیوں کو لا رہے ہیں، سزائے موت اور منشیات کے 30 قیدیوں کو واپس نہیں لا رہے، ایک ارب روپے ہوں تو سینکڑوں قیدی واپس لائے جا سکتے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کے لوگ وطن آنا چاہتے ہیں، مگر ہمارے چور ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں، سعودی عرب، ایران، قطر اور ترکی کے ساتھ بہتر تعلقات بنانا چاہتا ہے، پاکستان کے امن کے تمام راستے افغانستان سے نکلتے ہیں۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 7 کلو یورینیئم بھارت میں چوری ہوا، اس سے پہلے بھی بھارت میں یورینیئم کی چوری کے واقعات سامنے آتے رہے، اس بار عید خاص ہے، میں وزیرِ اعظم کے ہمرا سعودی عرب گیا تھا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ای سی سی نے آکسیجن کو ڈیوٹی اور ٹیکس سے فری قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، الحمد للّٰہ ہمارا بھارت جیسا حال نہیں۔