قومی احتساب بیورو (نیب ) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے کے لیے درخواست وزارت داخلہ کو بھجوادی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیب کی شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست وزارت داخلہ کو ملنے کی تصدیق کی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ نیب کی درخواست پر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کل وزارت داخلہ میں میٹنگ بلائی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ صبح طے کرلیں کہ شہباز شریف کے حوالے سے نیب درخواست میٹنگ کب ہوگی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میٹنگ میں فیصلہ کریں گے کہ نام ای سی ایل میں ڈالنا ہے یا نہیں اور پھر فیصلہ کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر قانون فروغ نسیم اور مشیر احتساب شہزاد اکبر شریک ہوں گے ۔
اجلاس میں نیب کے خط کے ساتھ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق آئینی و قانونی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے متعلق ای سی ایل کمیٹی کے فیصلے بعد معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوادیا جائے گا۔