پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی فورسز کی جارحیت کے شکار فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی میں اس بار عیدالفطر نہیں منائیں گی۔
عتیقہ اوڈھو نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’میں نے اس بار عیدالفطر نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس وقت ہمارے فلسطینی بہن بھائی وحشیانہ ظلم و ستم کا شکار ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’اس مشکل گھڑی میں اسلامی ریاستوں کو ایک ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان کے دُکھوں کا خاتمہ کرے جو بہت طویل عرصے سے جاری ہے۔‘
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’فلسطینیوں کی تکلیف کے بارے میں، جو میں سوچتی ہوں اس کی وضاحت کے لیے کوئی الفاظ نہیں۔‘
عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’فلسطینیوں کو بہت سالوں سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن ہم پھر بھی ان کی مدد نہیں کرسکتے۔‘
اداکارہ نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’آخر ہم ایسا کیوں کررہے ہیں؟‘
اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’وہ اس تکلیف دہ گھڑی میں غزہ اور فلسطین کے ساتھ کھڑی ہیں۔‘
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے، شہداء میں 28 بچے اور 15 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 621 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں فلسطینیوں کے آشیانے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔