بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں کے بے تاج بادشاہ اور اداکاری سے سیاست میں آنے والے رجنی کانت نے بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دوسری ڈوز لگوالی۔
اس حوالے سے رجنی کانت کی بیٹی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کی تصویر شیئر کی جس میں وہ کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوارہے ہیں۔
رجنی کانت کی بیٹی نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ہمارے تھلائیور نے ویکسین لگوالی ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’آئیے! ہم سب ملکر لڑتے ہیں اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتتے ہیں۔‘
اداکار کی بیٹی نے یہ بھی لکھا کہ ’ماسک کا باقاعدگی سے استعمال کریں، گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔‘
واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید پونے تین لاکھ مریض سامنے آگئے ہیں جبکہ تین ہزار سے زیادہ جان سے گئے۔
دریائے گنگا میں ریاست بہار کے کنارے 71 لاشیں برآمد ہوئیں، دوسری جانب ویکسین کی کمی کے باعث دلی، مہاراشٹر اور کرناٹکا میں اٹھارہ سے چوالیس سال تک کے افراد میں ویکسی نیشن بند کردی گئی ہے۔