ماضی میں بالی وڈ کو بے شمار سُپر ہٹ فلمیں دینے والی نامور بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا نے بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوالی۔
پریتی زنٹا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ویکسینیشن سینٹر میں موجود ہیں اور کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے رہی ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں بتایا کہ ’اُنہوں نے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے لی ہے۔‘
اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میری سب سے گزارش ہے کہ جتنا جلدی ہوسکے آپ بھی کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ ہم سب محفوظ رہ سکیں۔‘
پریٹی زنٹا نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگز Getvaccinated اور Staysafe کا بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ 31 جنوری 1975 کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں پیدا ہونے والی پریتی زنٹانے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1998 میں فلم ’دل سے‘ میں معاون اداکارہ کی حیثیت سے کیا اور ہیروئن کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم ’سولجر‘ باکس آفس پر بے حد کامیاب رہی۔
2010 میں پریتی کی فنی اور انسانی فلاح و بہبود کی خدمات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نواز جاچکا ہے۔
سال 2016 میں پریتی زنٹا امریکی مالیاتی تجزیہ کار جین گْڈ ایوف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔