• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیما مالنی نے کورونا ویکسین لگوالی

بالی ووڈ کی ماضی کی صف اول اداکارہ اور بی جے پی (بھارتی جنتیا پارٹی) کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوالی۔

ہیما مالنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ اسپتال میں موجود ہیں اور کورونا ویکسین لگوا رہی ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے کوپر اسپتال میں عوام کے ساتھ کورونا ویکسین لی ہے۔‘

یاد رہے کہ ہیما مالنی سے قبل سیف علی خان اور کمل حسن بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوا چکے ہیں۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس سے 1 لاکھ 57 ہزار 584 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 11 لاکھ 73 ہزار 761 ہو گئی۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 کروڑ 62 لاکھ 91 ہزار 845 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 25 لاکھ 83 ہزار 173 ہو گئیں۔

واضح رہے کہ ہیما مالنی اور دھرمیندر 1970 کی دہائی میں اسکرین پر بالی وڈ کی سب سے مشہور جوڑی تھی اور انہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جس میں شعلے، سیتا اور گیتا، دل لگی اور ڈریم گرل شامل ہیں۔

1975 میں فلم شعلے میں دھرمیندر کے مدِ مقابل کام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے والی یہ جوڑی 1980میں شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔

تازہ ترین