• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر مختلف قسموں کے کباب کے مزے اڑائیے

کباب کا نام لیا جائے اور منہ میں پانی نہ آئے یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ یہ ہر کسی کی مرغوب غذا ہے، جسے بنانے کے بہت سے طریقے ہیں۔اسے مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت سے بنایا جاتا ہے، تاہم گائے کے گوشت سے بنے کباب سب سے زیادہ پسندیدگی حاصل کرتے ہیں۔

کباب کو سیخ، گرل یا توے پر پکایا جاتا ہے۔اسے روٹی، پراٹھے، چاول یا بریڈ سے کھایا جاتا ہے جبکہ کئی افراد ان کے بغیر بھی کھانا پسند کرتے ہیں۔

ویسے تو ’کباب‘ عربی زبان کا لفظ ہے لیکن ترک، ایرانی اور وسطی ایشیائی بھی اس پر اپنا دعویٰ جماتے ہیں۔ کباب کی ابتدا مشرق وسطی سے ہوئی اور یہ ایشیا کی بہت مشہور ڈش ہے بلکہ اب تو پوری دنیا میں اسے بڑے ذوق وشوق سے کھایا جاتا ہے

ہمارے ہاں شامی کباب کے علاوہ کئی طرح کے مزیدار کباب بنائےجاتےہیں۔ علاوہ ازیں کباب بریانی ،کباب مسالہ، کباب رول اور بن کباب جیسے بہت سے پکوان بھی خوب پسند کیے جاتے ہیں۔ ذیل میں کباب بنانے کی چند مزیدار ریسیپیز قارئین کی نذر ہیں۔

چپلی کباب

درکار اجزاء:

بیف کا قیمہ۔ ایک کلو

گندم کا آٹا۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ پائوڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

پیاز(کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہرا دھنیا۔ چار کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ہری مرچیں۔ تین عدد

ثابت دھنیا (کوٹا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ

انڈہ۔ایک عدد

انار دانہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

ٹماٹر(کٹے ہوئے)۔ دو عدد

تیل۔ فرائی کرنے کیلئے حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے ایک پیالہ لیں اس میں قیمہ اور باقی سارے اجزاء ڈال کر سب کو خوب اچھی طرح مکس کریں۔ پھر ہاتھوں سے گول کباب بنالیں اور ہلکے تیل میں توے پر انہیں فرائی کریں۔ یاد رہے کہ تلنے سے پہلے درمیان میں ٹماٹر کا ٹکڑا رکھیں اور ٹماٹر والی سائیڈ پہلے فرائی کریں۔ گرم نان اور دہی کے ساتھ چپلی کباب نوش فرمائیں۔

چکن ریشمی کباب

درکار اجزاء:

چکن کا قیمہ۔ آدھا کلو (گرائنڈ کیا ہوا)

لہسن ادرک پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

پیاز(کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

الائچی(پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

سفید زیرہ پائوڈر۔ آدھاچائے کا چمچ

کالا ز یرہ پائوڈر۔ آدھاچائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

دار چینی پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

سفید مرچ پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

کریم۔ تین چائے کے چمچ

دہی۔ تین چائے کے چمچ

بیکنگ پائوڈر۔ ایک چٹکی

ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی)۔ پانچ عدد

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

سب سے پہلے چوپر لیں اور اس میں تیل کے علاوہ باقی تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔ اس کے بعد ہاتھوں کو تیل کی مدد سے گریس کرکے قیمے کی بالز بنالیں اور ان کو سیخ پر لگا کر کباب کی شکل دے دیں۔ اب اسے کوئلوں پر پکائیں، بیک کرلیں یا پھر فرائی کرکے کوئلوں کا دھواں دے لیں۔ جب کباب تیار ہوجائیں تو سرونگ پلیٹ میں رکھ کر سبزیوں سے گارنش کرکے پیش کریں۔

شاہی ملائی کباب

درکار اجزاء:

گائے کا گوشت(ابلا ہوا)۔ آدھا کلو

پیاز۔ دو عدد

بریڈ سلائسز۔ چار عدد (آدھا کپ دودھ میں بھگوئے ہوئے)

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

پودینے کے پتے۔ دس عدد

ہرا دھنیا(کٹا ہوا)۔ دوچائے کے چمچ

ہری مرچ(کٹی ہوئی)۔ تین عدد

پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

ملائی۔ دوچائے کے چمچ

میدہ۔ تین چوتھائی کپ

پانی۔ تین چوتھائی کپ

انڈے۔ تین عدد (پھینٹے ہوئے)

تیل ۔ تلنے کے لئے

ترکیب:

گائے کا گوشت ریشہ کرکے اس میں پیاز، بریڈ سلائسز، ادرک، لہسن، پودینے کے پتے، ہرا دھنیا، ہری ،لال مرچ، گرم مسالہ، نمک، ہلدی اور ملائی مکس کرکے اچھی گوندھ لیں، پھر اسے کباب کی شکل دیں۔ اس کے بعد میدہ اور پانی کو ملا کر پیسٹ تیار کرلیں۔ کباب کو پہلے میدے کے پیسٹ اور پھر انڈے میں ڈپ کرکے فرائنگ پین میں ڈیپ فرائی کریں اور کیچپ اور نان کے ساتھ پیش کریں۔

فرائیڈ گولا کباب

درکار اجزاء:

قیمہ۔ آدھا کلو

پیاز۔ چار عدد (تلی ہوئی)

کچاپپیتا ۔ ایک چائے کا چمچ

جاوتری۔ ایک چائے کا چمچ

جائفل۔ ایک چائے کا چمچ

انڈہ۔ ایک عدد

پسا ہوا گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

دہی۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ دو چائے کے چمچ

الائچی(پسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے قیمے میں پیاز اور کچا پپیتا ڈال کر اچھی طرح باریک پیس لیں۔ اب جائفل اور جاوتری کو باریک پیس کر قیمے میں ڈال دیں پھر انڈہ، گرم مسالہ، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی لال مرچ، پسی الائچی ا ور نمک ڈال کر مکس کریں۔ اس کے بعد اسے گولا کباب کی شکل دے کر گرم تیل میں فرائی کرلیں۔

کباب ملائی ہانڈی

درکار اجزاء:

سیخ کباب۔12

کھانے کا تیل۔3چوتھائی کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

پیاز۔ایک کپ

دہی۔4سے5کھانے کے چمچ

سفید مرچ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔1سے2چائے کے چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ۔2کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ سجاوٹ کے لئے

بادام پاؤڈر۔2کھانے کے چمچ

کریم۔3کھانے کے چمچ

پانی۔آدھا کپ

ترکیب:

سب سے پہلے تیار شدہ 12سیخ کباب فرائی کر لیں۔ ایک پین میں کھانے کا تیل گرم کر کےاس میں پیاز، سبز مرچ اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر 2منٹ کے لئے پکا لیں۔ پھر اس میں دہی، نمک، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، سفید مرچ پاؤڈر، بادام پاؤڈر اور کریم ڈال کر مزید2منٹ پکائیں، پھر پانی ڈال کر 4سے5منٹ پکائیں۔ اب تیار کیے ہوئے سیخ کباب ڈال کر 5منٹ کے لئے دَم پر رکھ دیں۔ لیجیےمزیدار کباب ملائی ہانڈی تیار ہے، ہرے دھنیے سے سجاکر کے پیش کریں۔

تازہ ترین