بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان نے اپنی 13مئی کو ریلیز ہونے والی فلم ’رادھے‘ سے متعلق ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر کچھ ویب سائٹس فلم ’رادھے‘ غیرقانونی طور پر دکھا رہی ہیں جو کہ جرم ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلمان خان نے پیغام میں کہا کہ سائبر سیل ان تمام غیرقانونی سائٹس کے خلاف ایکشن لے رہا ہے۔ آپ لوگ برائے مہربانی اس کام میں شامل نہ ہوں ورنہ سائبر سیل آپ کے خلاف بھی کارروائی کرے گا۔
سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ برائے مہربانی سمجھنےکی کوشش کریں سائبر سیل کی کارروائی سے آپ کو بہت مشکلات ہوسکتی ہیں۔
اس سے قبل سلمان خان نے فلم کی ریلیز سے ایک دن پہلے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے لوگوں سے فلم کو جائز طریقے یا صحیح پلیٹ فارمز پر دیکھنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ایک فلم بنانے میں کئی لوگ بہت محنت کرتے ہیں۔
سلمان خان کی اپیل کچھ ہی گھنٹوں بعد یعنی فلم ریلیز ہوتے ہی ضائع گئی۔کیونکہ خود انہی کی فلم ریلیز کے کچھ ہی دیر بعد آن لائن لیک ہوگئی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’رادھے‘ ریلیز کے کچھ ہی دیر بعد انٹرنیٹ پر ’فری ڈاؤن لوڈ‘ کے لئے دستیاب دیکھی گئی۔جسے سیکڑوں لوگوں نے دیکھا۔