لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سراج الحق نےشاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے پوری قوم ایک پیج پر ہے،پاکستان مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موجودہ حالات میں خود لیڈ کرے،او آئی سی کے اجلاس میں واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا جائے بیت المقدس میں یواین فوج تعینات کی جائے،۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فلسطین کے ایشو پر مسلم ممالک کے وزراءخارجہ سے رابطے میں ہوں،مسئلہ فلسطین پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرینگے۔جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدکے اجتماع سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں بیت المقدس ،مسجد اقصیٰ میں اقوام متحدہ کی امن فو ج تعینات کی جائے۔ او آئی سی بھی اپنے پلیٹ فارم سے فلسطین میں فلسطینی عوام اور مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے یو این او کی فوج تعیناتی کا مطالبہ کرے۔جماعت اسلامی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سرا ج الحق نے کہا فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ اور حماس کے چیف رہنما خالد مشعل سے رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ۔سراج الحق نے کہا کہ جب تک فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق نہیں دیا جاتا امن قائم نہیں ہوسکتا۔