مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے بیرون ملک جانے سے روکنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی طرف سے توہین عدالت کی درخواست آج دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے شہباز شریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار کرلی جو آج سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی جائے گی۔
پٹیشن اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 ء کے آئین کے آرٹیکل 185 ( 3 ) کے تحت دائر کی جائیگی اور اس میں 7؍ مئی کے فیصلے کو معطل کرنے کی اپیل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرشہباز شریف کا نام آج ای سی ایل میں ڈال دیا جائے گا، اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے حتمی منظوری دے دی ہے۔