• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، اسرائیلی مظالم کیخلاف فلسطینی عوام سے یکجہتی کا بھرپور اظہار

اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیل کی درندگی اور بربریت کے خلاف یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جہاں ان سے وابستگی اور ہمدردی کا بھرپور انداز میں اظہار کیا گیا وہاں حکومت اور اپوزیشن کے مابین بھی ’’یکجہتی‘‘ کا ایک منفرد اور یادگار مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہر چند کہ یہ اظہار یکجہتی ایک بڑے مقصد کیلئے تھا لیکن ایک طویل عرصے بعد ایوان میں ایسے مناظر دیکھنے میں آئے جب میاں شہباز شریف اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے ایوان میں تقریر کر رہے تھے لیکن ان کی غیر معمولی طوالت پر مبنی تقریر کو بھی حکومتی بنچوں پر انتہائی خاموشی اور توجہ کے ساتھ سنا گیا۔ اسی طرح جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کی تفصیلات پیش کر رہے تھے تو اپوزیشن بنچوں پر بھی انتہائی سنجیدہ رویہ دیکھنے میں آیا اور مجموعی طور پر ارکان اسمبلی کے اس مثبت اور پارلیمانی وقار کے متقاضی طرز عمل کا ایک اچھا تاثر اور یہ پیغام ایوان سے گیا ہے کہ پاکستان کے تمام طبقات بشمول منتخب نمائندے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر دل وجاں سے ان کے ساتھ ہیں۔ یہاں اس صورتحال کا کریڈٹ جہاں پورے ایوان کو جاتا ہے وہاں بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا ذکر بالخصوص اس لئے بھی ضروری ہوگا کہ اس وقت وہ حکومت کی جانب سے اپنے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے باعث ایک پریشان کن صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن ان کا نام حکومت نے ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں ڈال دیا ہے اور یہ فیصلہ قومی اسمبلی میں ان کی تقریر سے محض چند گھنٹے پہلے کیا گیا تھا۔ وہ طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے اور ان کے پاس کہنے کیلئے ’’بہت کچھ‘‘ تھا لیکن اجلاس کے موضوع سے وہ ایک لفظ بھی نہیں ہٹے۔ تاہم ایک موقعہ پر انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ ’’ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا جب یہ بیان آیا کہ آرٹیکل 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے تو ہم حیرت زدہ ہوگئے یہ الگ بات کہ وزیر خارجہ نے یہ بیان واپس لے لیا‘‘۔ فلسطینی پرچم کا سکارف جس پر فلسطینیوں پر مظالم کی تصاویر بھی نمایاں تھیں اپنے شانوں پر آویزاں کئے شہباز شریف نے اپنی تقریر میں فلسطین کی صورتحال کا تاریخی پس منظر، اس حوالے سے تاریخی واقعات کی مثالیں اور برجستہ اشعار سے جہاں فلسطینی عوام پر مظالم کی منظرکشی کی وہیں انہوں نے اس صورتحال کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی افواج کے مظالم سے بھی تشبیہ دی۔

تازہ ترین