• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین کا ساتھ دینے کیلئے صرف انسان بننے کی ضرورت ہے: زید علی

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی نے بھی  فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اہلیہ کے ہمراہ فلسطین کا پرچم لہرادیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر زید علی نے اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی اہلیہ یمنیٰ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔


تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زید علی اور اُن کی اہلیہ فلسطین کے لیے جاری مظاہرے میں موجود ہیں جہاں وہ اسرائیل فورسز کا شکار فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے اپنی آواز بُلند کررہے ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں زید علی نے فلسطین کا پرچم تھاما ہوا ہے جبکہ اُن کی اہلیہ یمنیٰ کے ہاتھ میں ایک پلے کارڈ ہے جس میں انگریزی زبان میں درج ہے ’فلسطین کے لیے دُعا کریں۔‘

زید علی نے تصویر کو موجودہ صورتحال کی مناسبت سے ایک معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو فلسطین کے لیے کھڑے ہونے کے لیے مسلمان ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ کو صرف انسان بننے کی ضرورت ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں کچھ ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا جن میں SavePalestine، FreePalestine اور  PrayForPalestine شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے جس میں اب تک تقریباً 225 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 85 کے قریب بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 10 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین