پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر ہمیں خاموش رہنے کی عادت ڈالی جارہی ہے۔
دُنیا بھر میں شوبز سے تعلق رکھنے والے اسرائیل فورسز کے وحشیانہ حملوں کے شکار فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بُلند کررہے ہیں۔
جہاں کچھ فنکار مظاہروں میں شرکت کرکے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے نظر آرہے ہیں تو وہیں بہت سے شوبز ستارے ایسے بھی ہیں جو سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں اس ظلم کے خلاف آواز اُٹھا رہے ہیں۔
انہی شوبز ستاروں میں پاکستان کے مقبول ترین اداکار و میزبان یاسر حسین بھی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلسطینیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’فلسطین کے معاملے پر دُنیا بھر کے خاموش رہنے والے ممالک کہہ رہے ہیں کہ ایسا اُن کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ایک انتہائی اہم مسئلے پر مسلسل خاموشی اختیار کرکے ہمیں خاموش رہنے کی عادت ڈالی جارہی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ IStandWithPalestine کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے کہ ’میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘
یاسر حسین نے مزید لکھا کہ ’فلسطین کو آزاد کرو۔‘
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر رات گئے شدید بمباری کی گئی، خلیجی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں 20 منٹ میں 40 فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ سٹی میں سرکاری عمارت کو بھی نشانہ بنایا،اسرائیلی طیاروں نے غزہ سٹی کےشمالی علاقوں میں بھی بمباری کی۔
گزشتہ کئی روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے جس میں اب تک تقریباً 225 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 85 کے قریب بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 10 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔