• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین گروپ کی سیاست میں انٹری کی تیاری

تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہونے والی سیاسی بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کی سیاسی بیٹھک میں پارلیمانی سیاست میں ہم خیال گروپ بنانے کی تجویز دی گئی۔

ذرائع کے مطابق گروپ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کرسکتا ہے، اس صورت میں قومی اسمبلی راجا ریاض پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔


ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر سعید اکبر نوانی کو بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس سیاسی بیٹھک میں موجود ارکان سے حلف بھی لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور عون چوہدری نے غیر رسمی گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔

بعدازاں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ کے باہر صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیاں نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ کل جہانگیر ترین کی پیشی ہے اس حوالے سے آج عشائیے کا اہتمام تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم حکومت کے ساتھ ہیں، بجٹ آرہا ہے ہم کوشش کریں گے، بجٹ عوام دوست ہو۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پارٹی میں تنقید اور نشاندہی ہوتی ہے، ہم حکومت کو سپورٹ کریں گے، ہمارا کوئی بھی بیان وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کے خلاف نہیں۔

اُن کاکہنا تھا کہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں ہماری جانب سے نقطہ نظر بتائیں گے، جہانگیرترین کے خلاف کیسز میں ان کو نشانہ بنایا گیا، ہم سب کل بھی ترین صاحب کے ساتھ ہوں گے۔

نعمان لنگڑیال نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گروپ پہلے دن سے جہانگیر ترین کے ساتھ ہے، راجا ریاض اور سعید اکبر نوانی کو گروپ سربراہ بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین