• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ اسکینڈل، زلفی بخاری کے ننھیال کو ضرور فائدہ پہنچا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رنگ روڈ منصوبے کی سڑک سے زلفی بخاری کے ننھیال کو فائدہ ضرور پہنچتا ہے لیکن زلفی بخاری کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے کی انکوائری سے ملک کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات میں کسی وزیر یا مشیر کا نام سامنے نہیں آیا، زلفی بخاری نے تحقیقات کی تکمیل تک استعفیٰ دےدیا، امید ہے وہ سرخرو ہوں گے۔


وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ عمران خان ہی وہ وزیراعظم ہیں جو رنگ روڈ جیسے معاملات پر ایسے احکامات دیتے ہیں جو عمومی طور پر نہیں دیئے جاتے۔

اُن کا کہنا تھاکہ رنگ روڈ اسکینڈل کے معاملے میں اینٹی کرپشن اور متعلقہ ادارے مزید تحقیقات کریں گے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کا نظام شفاف ہونا چاہئے، 5 بجے پولنگ ختم ہوتی ہے، صبح تک رزلٹ نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلے کا حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے، پولنگ ختم ہونے کے 20 منٹ بعد نتیجہ آجائے گا۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ سے کہا کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کبھی زندگی میں شفاف الیکشن سے اقتدار میں نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز کو اس ہفتے الیکٹرونک مشینوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان مین براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 10 کروڑ ہوچکی ہے،11سو ارب روپے رورل اکانومی میں گئے، ٹریکٹرز کی فروخت میں 55 فیصد اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھاکہ وفاقی کابینہ نے فلسطینیوں کے لیے طبی امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے دوسری طرف پاکستان اور ترکی سمیت 5 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ جائیں گے۔

تازہ ترین