وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ تیاریوں میں مصروف ہے، بجٹ میں فلاح عامہ کےمنصوبوں پرتوجہ دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ رات سے کچھ ارکان اسمبلی تحفظات سامنے آئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صوبے میں یکساں ترقیاتی کام وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قرضے لے کر منصوبے بنائے جو عوام اتار رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ شاہی خاندان پنجاب کو 1200 ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر رخصت ہو گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ رنگ روڈ ، میٹرو اور سابقہ حکومت کے دیگر ادھورے منصوبوں کا دفاع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ( ٹرپل آر) سےمتعلق پلانٹنڈ بیانیہ چل رہا ہے، اس معاملے پر اینکرز اور رپورٹرز کو بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان راولپنڈی رنگ روڈ کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ ماتم کرنے والوں کو جلد پتا چل جائے گا، اس منصوبے سے کس کس کو فائدہ پہنچا، منصوبے کی فیکٹ فائنڈنگ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آ جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نون لیگ کی آہ و بکا سے پتا چل رہا ہے کس کس نے بہتی گنگا سے ہاتھ دھوئے ۔
انہوں نے کہا کہ رات سے پی ٹی آئی کے کچھ ارکان اسمبلی کے تحفظات سامنے آئے ہیں۔