سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پنجاب اسمبلی پہنچ گئے، چوہدری نثار نے آج بطور رکنِ پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
چوہدری نثار نے اسمبلی پہنچ کر سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سے ملاقات کی، حلف اٹھانے کے حوالے سے سیکریٹری اسمبلی کوآگاہ کیا اور رولز کی کاپی سیکریٹری اسمبلی کو پیش کی۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی اور ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری اسمبلی میں موجود نہیں ہیں۔
اسپیکر چوہدری پرویز الہی بطور قائم مقام گورنر پنجاب فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نجی مصروفیت کی وجہ سے نہیں آئے۔
دوسری جانب چوہدری نثار کو قریبی دوستوں نے کچھ روز بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پینل آف چیئرمن سے حلف لینے کا حتمی فیصلہ چوہدری نثار علی خان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے اپنی رہائشگاہ سے روانہ
چوہدری نثار علی خان 2018 کے انتخابات میں پی پی 10 راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے تھے مگر انہوں نے ایم پی اے کے طور پر حلف نہیں اٹھایا تھا۔
گزشتہ روز انہوں نے حلقہ کے ووٹرز ،سپورٹرز اور عمائدین کی مشاورت کے بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا اور فیصلے سے باضابطہ طور پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا تھا۔