• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریکوڈک کیس کا فیصلہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، فروغ نسیم


وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ریکوڈک کیس کا فیصلہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ وزارت قانون جو کام کرتی رہی وہ ایک دن میں نہیں ہوا، وزارت قانون نے جو لاریفارمز اورترامیم کیں اس کے ثمرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، براڈ شیٹ کا مسئلہ، ریکوڈک کا مسئلہ، بہت سارے مسائل تھے، وزارت قانون پر کام کا پہلے ہی بہت بوجھ ہے۔

فروغ نسیم نے کہا ہے کہ 22 اگست 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک کے مسائل کا کہا، ریکوڈک پر ایک کمیٹی بنائی گئی سربراہ مجھے بنایا گیا، اس وقت کے اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی ہمارے ساتھ تھے، حکومت ملی تو مسائل کا انبار لگا ہوا تھا، معیشت لڑکھڑا رہی تھی۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ قوم کو سمجھنا ہوگا کہ ایک دن میں کچھ نہیں ہوسکتا، ماضی میں ثالثی کا نوٹس ملنے پر ہی ٹریبونل کا دائرہ اختیار تسلیم کرلیا جاتا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے قائم ہوا اور چل رہا ہے یہ دعاؤں کا ہی نتیجہ ہے، ہم آخری وقت تک پاکستان کے لیے لڑتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکے سمیت کئی اور عالمی مقدمات کا بھی سامنا تھا،  وزارت قانون کی سفارش پر احمد عرفان اسلم کو ستارہ امتیاز دیا گیا، کارکے کیس میں بھی احمد عرفان اسلم نے بہت محنت کی۔

فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ٹیتھیان کمپنی کو واضح کیا کہ موجودہ حکومت نہ پیسہ کھائے گی نہ کسی کو کھانے دے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹیتھان کمپنی 4 جون تک برٹش ورجن آئی لینڈ میں اپیل کرسکتی ہے۔

تازہ ترین