وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اسلام آباد ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر کراچی میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا جائزہ لینے جارہا ہوں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے خصوصی ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ واپسی پر سندھ میں امن و امان سے متعلق رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کروں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شام وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مشاورت کے بعد شیخ رشید کو جلد از جلد سندھ پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی وہ سندھ کی امن و امان کی صورتحال دیکھیں کیونکہ پولیس سے معاملات ہینڈل نہیں ہورہے ہیں۔