تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سہیل انور سیال دلائل نہیں دے سکتے تو دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم چیف جسٹس سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سہیل انور سیال کے رویے کا نوٹس لیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی بلال غفار، ایم پی اے راجا اظہر، سمیر میر شیخ اور سبحان ساحل بھی خرم شیر زمان کے ہمراہ موجود تھے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے مزید کہا کہ سہیل انور سیال اسمبلی آکر کہتے ہیں میں تمہیں دیکھ لوں گا، بلال غفار نے ایوان میں جو کچھ کہا اس کی ویڈیو موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں، کشمور، جیکب آباد، شکارپور میں عام افراد کو اغوا کیا جارہا ہے۔
خرم شیر زمان نے یہ بھی کہا کہ ڈاکوؤں کے پاس اینٹی ایئرکرافٹ بندوقیں، راکٹ لانچر ہیں، سمجھ نہیں آرہا سندھ حکومت نظام کیسے چلارہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مغوی سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو بناکر کہتے ہیں ہمیں بچاؤ، پولیس کے باس بکتربند بھی دو نمبر ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ 65 پولیس اہلکار اغواء اور درجنوں کو قتل کردیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور وزیر داخلہ شیخ رشید کو کراچی بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ گھبراہٹ میں آج شہدا کے لواحقین سے ملنے چلے گئے ہیں۔
خرم شیر زمان نے وزیراعلیٰ سے استفسار کیا کہ ہمیں بتایا جائے کہ 753 ارب کا بجٹ کہاں گیا، سی ایم بتائیں کتنی اے پی سی خریدی گئیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس کے اخراجات ماہانہ 98 ارب ہیں، ایس ایس یو کو شکارپور کیوں نہیں بھیجا جاتا۔