وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں 14 یونیورسٹیاں بناچکی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں کامران بنگش نے کہا کہ غریب لوگوں کو اسپیشل راشن پیکیج دیا جائے گا، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اگست میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کے علیم خان نے قانون کا سامنا کیا اور اب زلفی بخاری کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ شہباز شریف کل تک نوازشریف کے ضامن تھے، آج وہ خود باہر جانا چاہتے ہیں۔
کامران بنگش نے جہانگیر ترین کے حوالے سے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا کوئی رکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو میں اس پی ٹی آئی رکن کے حوالے سے لاعلم ہوں۔
صوبائی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین نے پارٹی موقف واضح کردیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔
اُن کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں2013 ء سے اب تک 14 یونیورسٹیاں بناچکی ہے۔