مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پارٹی میں اختلاف رائے ہے لیکن کوئی دھڑے بندی نہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے مسلم لیگ ن میں کوئی دھڑے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے، قائد نواز شریف خود اجلاسوں میں کہتے ہیں رائے دیں اور رائے میں اختلافات ہوتے ہیں۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہاکہ شہباز شریف ن لیگ کے صدر ہیں، میں پوچھتا ہوں کیا صدر کا بھی کوئی گروپ ہوتا ہے؟، اس کی تو پوری جماعت ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ نواز شریف کا جو بیانیہ ہوگا، اُس پر ہم سب پہرہ دیں گے، شہباز شریف نے پارٹی کے بیانیے پر سب سے زیادہ پہرہ دیا ہے۔
راناثنا اللّٰہ نے کہا کہ مریم نواز کا ایک لفظ بھی پارٹی سے باہر نہیں ہے، پیپلز پارٹی کو شوکاز نوٹس پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں جاری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں واپس لانے کا فیصلہ شہباز شریف نے نہیں کرنا، پی ڈی ایم سربراہ کی اکثریت کہتی ہے شوکاز واپس لو تو واپس لے لیں گے۔
ن لیگ پنجاب صدر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو واپس لانے کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی تون لیگ کو اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کہہ رہی ہے صاف شفاف الیکشن ہوں تو یہ کونسی محاذ آرائی ہے۔