وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ واضح کردوں میں کسی مشن پر نہیں، نادرا کا معاملہ میں دیکھوں گا اور بتاؤں گا معاملہ کیسے دیکھا جاتاہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے، کراچی اور سندھ میں امن وامان کا جائزہ لینے آیا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مراد علی شاہ کا احترام کرتا ہوں لیکن وزیراعظم کو وہی رپورٹ دوں گا جو حقائق پر مبنی ہوگی، کل صبح وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کروں گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی گروپنگ نہیں، کراچی سے منشیات کا صفایا کردوں گا، لاء اینڈ آرڈر سندھ حکومت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال عمران خان تن کر حکومت کرے گا، سندھ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کسی کی وزارت میں مداخلت نہ کرتا ہوں نہ کرنے دیتا ہوں، جہاں جہاں لاقانونیت ہوگی وہاں صوبائی حکومت کو سپورٹ کریں گے۔