• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال :۔حضرت محمد رسول الله خاتم النبیین ﷺ کا جنات کے نام خط (عہد نامہ تہدیدی) کی کوئی حقیقت ہے؟

جواب :۔جنات کے نام رسول اللہ ﷺ کا خط حرز ابی دجانہ کے نام سے علامہ بیہقی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ’’دلائل النبوۃ‘‘ میں نقل کیا ہے۔ حضرت ابودجانہ رضی اللہ عنہ نے آپ ﷺ کے سامنے جنات کی طرف سے ایذاء رسانی کی شکایت کی، جس پر آپ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے جنات کے نام خط لکھوا کر انہیں دے دیا، اس طرح وہ جنات کے شر سے محفوظ ہوگئے (دلائل النبوۃ للبیہقی: باب ما یذکر من حرز أبی دجانۃ (7/ 118)، ط:دار الکتب العلمیۃ)

اس روایت پر اور اس طرح کی دیگر روایات پر تفصیلی کلام کے لئے ہمارے ادارے جامعہ بنوری ٹاؤن کی ویب سائٹ پر" روایتِ حرزِ ابی دجانہؓ کی تحقیق" کے عنوان سے مضمون سرچ کرکے ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اکابر کرام میں سے حکیم الامت مولانا تھانویؒ نے بہشتی زیور میں، محمد قطب الدین دہلویؒ نے ظفر جلیل شرح حصن حصین میں حرز ابی دجانہؓ کا ذکر کیا ہے، جبکہ حضرت تھانویؒ نے اسے نہایت مجرب بھی بتایا ہے۔ مولانا محمد امین صفدر اوکاڑویؒ کی تجلیاتِ صفدر میں اور علامہ سید انورشاہ کشمیری رحمہ اللہ کے" گنجینہ اسرار" میں بھی جنات سے حفاظت کے لئے اس خط کو نقل کیا گیا ہے۔ حاصل یہ ہے کہ جنات سے حفاظت کے لئے اس کا استعمال جائز ہے۔

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masail@janggroup.com.pk

تازہ ترین