اسلام آباد ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین معاملے پر بیرسٹر علی ظفر کو تحقیقات سے روکنے کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے جرمانے کے ساتھ درخواست مسترد کردی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار فرہاد شاہد اورکزئی پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جرمانے کی رقم ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروائی جائے۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جرمانے کی رقم جیل اپیلوں میں مقرر کیے گئے وکلاء کی فیس کی مد میں استعمال کی جائے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ درخواست غیر سنجیدہ اور دیگر اصل سائلین کو انصاف فراہمی میں رکاوٹ کی کوشش تھی۔
تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات کے بوجھ اور زیر التوا کیسز کی ایک وجہ ایسی غیر سنجیدہ درخواستیں بھی ہیں۔