• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2024 سے 2031 تک ہر سال عالمی ایونٹ ہوگا، آئی سی سی کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 50 اوورز ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیموں کی تعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ اعلان کیا ہے کہ 2024 سے 2031 تک ہر سال عالمی ایونٹ ہوگا۔ 

مذکورہ فیصلہ آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں کیا گیا ہے، جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی دوبارہ شمولیت کا بھی اعلان کیا گیا۔ 

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 2027 اور 2031 کے آئی سی سی ورلڈکپ ایونٹس میں ٹیموں کی تعداد کو بڑھا کر 14 کردیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ 2019 کے ورلڈکپ میں صرف 10 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جبکہ 2023 کے ورلڈکپ میں بھی اتنی ہی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی۔ 

علاوہ ازیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے مزید ٹیموں کو شامل کیا جارہا ہے اور ایونٹ میں اب 14 یا 16نہیں بلکہ دنیا بھر سے 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 

یہ ایونٹس 2024 ، 2026، 2028 اور 2030 میں ہوں گے، جبکہ 2025  اور 2029 میں آئی سی سی چئمپئنز ٹرافی ہوگی۔ 

اسی طرح سال 2027  اور 2031 میں 50 اوور فارمیٹ کا عالمی کپ منعقد ہوگا۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھادی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 اور ون ڈے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

آئی سی سی ورلڈکپ میں 14 ٹیموں کو 7، 7 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ اس میں سپر سکس فارمیٹ دوبارہ متعارف کروایا جائے گا۔ 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پانچ پانچ ٹیموں کے چار گروپس ہوں گے، ان میں سپر ایٹ مرحلہ اور پھر سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 یو اے ای میں کروانے کی تیاری بھی کی جائے۔

اس کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے میزبان وینیو کا فیصلہ اس ماہ کے آخر میں ہوگا، تاہم ایونٹ کے حقوق بھارت کے پاس ہی ہوں گے۔

تازہ ترین