• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائل ملک کے وفادار،پاک فوج سے ملکر دشمنوں کو مٹانے میں قابل فخر کردار ادا کیا، شیخ رشید

قبائل ملک کے وفادار ہیں، شیخ رشید


اسلام آباد،وانا (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کو جرگہ سسٹم کی بحالی اور انگور اڈہ پر ویزا کی سہولت دینے کا وعدہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے کے لوگوں کے تمام مسائل حل کئے جائینگے۔

وزیر داخلہ نے جمعہ کو جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور وانا میں احمد زئی وزیر، سلیمان خیل اور دوتانی قبائل کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ وانا آیا ہوں، آئندہ ہر 3 ماہ کے اندر چکر لگائوں گا،خود جرگہ سسٹم کو سپورٹ کرتا ہوں، بجٹ سیشن کے فوری بعد آپ سب کی وزیر اعظم سے ملاقات کا انتظام کروں گا آپ کے غیرت مند قبائل پاکستان کے وفا دار ہیں۔

پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا،وعدہ کرتا ہوں میری وزارت میں ویزا کا سسٹم پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ پر جس طرح چاہتے ہو اس طرح ہو گا۔ اگر آپ چاہیں تو مشین لگوا دیتا ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ پرانا جرگہ نظام بحال کرواؤنگا،جرگے کی روایت کا حامی ہوں،اس علاقے میں اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے۔ جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔اسے علاقے میں مروج ہونا چاہئے،یہاں تعلیمی سہولیات بھی بڑھائی جائینگی۔ 

پاک افواج نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا،وزیر داخلہ نے افواج پاکستان سے ملکر علاقے میں پائیدار امن اور ترقی میں کردار ادا کرنے پر عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،پوری قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ ایک بہادر اور غیور قوم کے لیڈران ہیں۔

پاکستان دشمنوں کو مٹانے میں آپ کا کردار قابل فخر ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے،علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ 

وزیر داخلہ نے کہا فاٹا کو خیبر پختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے،پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگے قبائلی عمائدین نے وزیر داخلہ کو علاقائی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

تازہ ترین