پاکستان کے معروف اداکار عفان وحید کو ویسے تو ملک بھر میں بہت سے لوگ جانتے ہیں اور ان کی شاندار اداکاری کے مداح بھی ہیں، البتہ عفان وحید کے بارے میں یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ انہیں امریکی اداکارہ نکول کڈمین کے ساتھ ہالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تھی جوکہ اداکار نے ٹھکرا دی۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عفان نے ہالی ووڈ فلم کی پیش کش قبول نہ کرنے کے بارے میں بتایا کہ ’اس فلم کے کردار کے لیے ایک ایسے لڑکے کی ضرورت تھی جو فٹ بال یا باسکٹ بال بہت اچھا کھیل سکتا ہے اور میں ان میں سے کسی میں بھی اچھا نہیں ہوں۔‘
اداکار نے مزید بتایا کہ ’میں ان دنوں اپنی ایک اور فلم کی شوٹنگ کے لیے بھی جارہا تھا لہٰذا میرے پاس اس کے لیے پریکٹس کرنے کا بھی وقت نہیں تھا تو میں نے آڈیشن میں ناکامی کے بجائے اس پیش کش کو قبول نہ کرنےکا فیصلہ کیا۔‘
واضح رہے کہ عفان وحید بہت سے ہٹ ڈراموں میں کام کرکے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ہیں لیکن انہیں اکثر انڈسٹری میں ان کے 11 سالہ کام کے تجربے کے باوجود بھی زیادہ توجہ نہیں دی جاتی۔
تاہم اس بارے میں اداکار کا کہنا ہے کہ انہیں اسپاٹ لائٹ میں رہنے کا بہت زیادہ شوق نہیں ہے او وہ سمجھتے ہیں کہ وہ آج بھی اتنے ہی قابلِ ذکر ہیں جتنے وہ شو بزنس میں داخل ہوتے وقت تھے۔