اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نکاح ہی نہیں سیاسی جنازہ بھی پڑھاتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ مولانافضل الرحمٰن کی ذمہ داریوں میں نکاح پڑھانا اور کرانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم سربراہ نکاح ہی نہیں، جنازہ بھی پڑھاتے ہیں، خواہ وہ سیاسی ہی کیوں نہ ہو۔
پی ڈی ایم ترجمان نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جلد کٹھ پتلی حکومت کا سیاسی جنازہ پڑھائیں گے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بھی سیاسی قبلے بدلتے رہے ہیں، کبھی آپ کا سیاسی قبلہ زرداری ہاؤس تھا اور آج کل بنی گالہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب دُہری شہریت کے حامل افراد آپ کی کابینہ میں شامل ہیں، جو آدھا تیتر، آدھا بٹیر کے مصداق ہے۔