پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل اور لالی ووڈ کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ جنت مرزا کو جاہل اسٹار قرار دے دیا۔
گزشتہ دنوں جنت مرزا نے ایک پروموشن ویڈیو بنائی تھی جس میں اُنہوں نے ایک نجی برانڈ کا لباس زیب تن کیا تھا اور ایک چین پہنی تھی جس پر عیسائی مذہب کا نشان بنا ہوا تھا۔
جنت مرزا کی یہ ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوئی تو عیسائی برادری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ٹک ٹاک اسٹار نے اُن کے مذہب کی توہین کی ہے اور اُن کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔
اس کے بعد جنت مرزا نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں اپنے عیسائی دوستوں، ٹک ٹاکرز اور پوری برادری سے معافی مانگی جس کے بعد یہ معاملہ ختم ہوگیا۔
اب گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جنت مرزا کے خلاف نفرت انگیز پوسٹ شیئر کی۔
بشریٰ انصاری نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جنت مرزا کی وہ تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے وہ چین پہنی ہوئی تھی اور اس کے ساتھ ہی اُن کے خلاف درج ہونے والے مقدمے کی تصویر بھی شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ان جاہل اسٹارز پر افسوس ہے جنہیں نہ اسلام کا علم ہے اور نہ دوسرے مذہب کا۔‘
بشریٰ انصاری نے کچھ دیر کے بعد یہ پوسٹ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی تاہم اداکارہ کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا کے مختلف پیچز پر تیزی سے شیئر کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ جنت مرزا نے اپنے ویڈیو پیغام میں عیسائی برداری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ اُن سے انجانے میں یہ غلطی ہوگئی ہے، وہ کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتی تھی اور وہ پوری عیسائی برادری سے معافی مانگتی ہیں۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ اگر وہ چین پر پہلے ہی نشان دیکھ لیتیں تو اُسے پہن کر ویڈیو نہ بناتیں۔
خیال رہے کہ جنت مرزا ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پرسب سے زیادہ ایک کروڑ 50 لاکھ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار ہیں۔
پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔