ٹرین حادثے میں جاں بحق مزید 3 افراد کی لاشیں ٹرین انجن کے نیچے سے نکال لی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 58 ہوگئی جبکہ 100زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں لودھراں کے دو سگے بھائی، والدہ اور کزن بھی شامل ہیں، جن کی نماز جنازہ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں حادثے میں جاں بحق دو کمسنوں مومن اور ہادی کی بھی شناخت ہوگئی، دونوں بچے ماں کے ساتھ کراچی سے فیصل آباد جارہے تھے۔ اسی طرح لودھراں سے تعلق رکھنے والے شہباز، اس کی بیوی اور دو بچوں کی لاشوں کو بھی پہچان لیا گیا۔
مزید برآں وہاڑی کے رہائشی حضور خان کی بیوی، بیٹی اور سسر بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ حضورخان کا کہنا ہے کہ اس کا خاندان کراچی سے خانیوال جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔
گزشتہ روز ڈہرکی کے قریب ٹرین کا ہولناک حادثہ ہوا تھا، ملت ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر مخالف ٹریک پر آگئی تھیں، جس کے دو منٹ بعد ہی سرسید ایکسپریس گرنے والی بوگیوں سے ٹکرا گئی تھی۔