• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل6: لاہور نے اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھٹے ایڈیشن کے پندرہویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار راشد خان اور ٹم ڈیوڈ نے ادا کیا۔ دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کے راشد خان کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

انہوں نے بیٹنگ میں 5 گیندوں پر 15 رنز اور بالنگ میں 4 اوورز میں 9 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا محض 21 رنز پر فخر زمان کی صورت میں قلندرز کی پہلی وکٹ گر گئی۔جبکہ 44 کے مجموعہ پر ان کے دوسرے کھلاڑی محمد فیضان بھی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر 30 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ بھی 29 رنز کی اننگز کھیل سکے۔

غیر ملکی کھلاڑی بین ڈنک بھی کوئی خاص کھیل پیش نہیں کر سکے اور 18 گیندوں پر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی سب سے نمایاں بالر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض قلندرز کے 2 شکار کیے۔ جبکہ فہیم اشرف، فواد احمد اور کپتان شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرتی رہیں، تاہم اختتامی لمحات میں فہیم اشرف نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور 143 تک پہنچادیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے کے بعد اب پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز گزشتہ روز سے ابوظبی میں شروع ہوگئے ہیں۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید