• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹ آکشن ہاؤس کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے،صدر علوی

کراچی(این این آئی)کریسنٹ آرٹ گیلری کے چیف ایگزیکٹو ناصر جاوید نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور آرٹ، کلچر ٹورازم سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رحمت سمیرناصر اور سدرہ ناصر بھی موجود تھیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ، کلچر اور تاریخی مقامات ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ بدقسمتی سے آرٹ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آرٹ آکشن ہائوس کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے۔ سوئیڈن میں پہلا آکشن ہائوس بنا اس کے بعد دیگر ممالک میں آکشن ہائوس کو ترغیب دی گئی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یورپ اور دنیا بھر میں آرٹ کی بے انتہا قدر ہے۔ پاکستان کا آرٹ اور کلچر بھی کئی ممالک میں خاص اہمیت کا حامل ہے جسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرٹ کلچر اور ٹورازم کو ترقی دینے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کریں گے جس کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اور بیرون ممالک میں پاکستانی سفارتخاروں کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ کریسنٹ آرٹ گیلری کے سی ای او ناصر جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ آکشن ہائوس کے قیام سے پاکستان میں آرٹ کا گراف اوپر جائے گا اور آرٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور آرٹسٹوں کو اپنی پینٹنگ کی نمائش اور آکشن کی سہولت ہوگی۔ بعدازاں ناصر جاوید نے صدر مملکت کو پوٹریٹ بھی پیش کیا۔ انہوں نے کریسنٹ کی آرٹ کے فروغ میں خدمات کو بھی سراہا ہے۔

تازہ ترین