• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ آج، ترقیاتی اخراجات 900 ارب روپے رکھنے کی تجویز

وفاقی بجٹ آج، ترقیاتی اخراجات 900 ارب روپے رکھنے کی تجویز 


اسلام آباد( نمائندہ جنگ) آئندہ مالی سال 2021-22ء کا وفاقی بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10فیصد اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، 58ارب29کروڑر وپے ٹیکس ریونیو کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ 900 ارب روپے ہوگا،تین ہزار سے زائد درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی میں کمی کی جائیگی ، سگریٹ پر ٹیکسوںمیں اضافہ جبکہ موبائل فون سمیت آئی ٹی کے شعبے پر ٹیکسوںمیں کمی کی جائے گی۔

احساس کفالت پروگرام کےلیے 250ارب روپے بجٹ مختص کیے جانے کا امکان ہے ،آئندہ سال ہائر ایجوکیشن کےلیے 42ارب روپے مختص کیے جائیں گے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے 74ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

سی پیک منصوبوں کیلئے87ارب روپے مختص کیے گئے ہیں بجلی کی تقسیم کار نظام کی بہتری کیلئے اگلے مالی سال 100 ارب روپے مختص ہوں گے۔سابق فاٹا اور موجودہ ضم شدہ اضلا ع کیلئے 54 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

نئے مالی سال میں 244 ارب روپے موٹرویز، ہائی ویز، ائیر پورٹس اور ریلوے منصوبوں پر خرچ کرنے کی تجویز ہے،سکھر حیدرآباد موٹروے اور خیبر پاس اقتصادی راہدری منصوبے کےلیے 13ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، ملک بھر میں 3261 کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

ترقیاتی بجٹ میں سکھر حیدرآباد موٹروے کےلیے 4 ارب 60 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔نئے مالی سال میں ایوی ایشن ڈویژن کے منصوبوں کے لیے 3ارب 55کروڑ روپے ،کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 46ارب روپے ، وزارت موسمیاتی تبدیلی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 14 ارب 32کروڑ روپے جب کہ فیڈرل ایجوکیشن کے لیے 9ارب 70کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے ترقیاتی منصوبوں کےلیے 123ارب روپے ،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 42 ارب 45 کروڑ روپے ،وزارت ہاؤسنگ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 24 ارب 21 کروڑ روپے آئندہ مالی سال میں وزارت داخلہ کے منصوبوں کےلیے 21 ارب روپے، سمندری امور کے منصوبوں کے لیے4 ارب 46 کروڑ روپے ،نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے منصوبوں کے لیے 12ارب روپے،وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 21 ارب 72کروڑ روپے ،آئندہ مالی سال میں ریلوے منصوبوں کے لیے 30 ارب روپے،پانی کے منصوبوں کے لیے 103ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

این ایچ اے منصوبوں کے لیے 113 ارب 75کروڑ روپے،این ٹی ڈی سی اور پیپکو کے بجلی منصوبوں کے لیے 69 ارب روپے اورکامرس ڈویژن کےلیے ایک ارب 61کروڑ کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین