• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، نیب کو کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے ایک ہفتہ قبل بتانے کا حکم

لاہور(آئی ا ین پی )لاہور ہائیکورٹ نے اثاثہ جات کیس میں کیپٹن(ر)صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر نیب کو ہدایت کی گرفتاری مطلوب ہو تو کم ازکم ایک ہفتہ پہلے مطلع کریں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں کیپٹن(ر)صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔ کیپٹن(ر)صفدر نے موقف میں کہا کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں 10مارچ کو طلبی کا نوٹس بھجوایا۔ زائد اثاثہ جات کے الزام میں انکوائری نیب پشاور میں بھی زیرالتواءہے۔ ایک ہی معاملے پر 2صوبوں میں انکوائری نہیں چل سکتی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پولیس کی جانب سے دائر مقدمات بھی بھگت رہا ہوں۔نیب انکوائری میں شامل تفتیش ہونے کے تیار ہوں ، استدعا ہے کہ عبوری ضمانت دی جائے۔ وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ ویری فکیشن کے لیے بلایا ہے۔ کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری مطلوب نہیں، انکوائری اسٹیج پر ہم گرفتار نہیں کرتے۔ عدالت نے کیپٹن(ر)صفدر کی درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ گرفتاری مطلوب ہو تو کم ازکم ایک ہفتہ پہلے مطلع کریں۔

تازہ ترین