وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ بلاول اور شہباز شریف خود بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی اور ہلڑبازی کرواتے رہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی سے متعلق بجٹ کاایک لفظ بھی نہیں سنا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہوا میں تیر نہ چلائیں، مزدور، تنخواہ دارطبقہ، صنعتکار، کسان سب نے اس کو سراہا ہے۔
فرخ حبیب نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ وزیراعظم نے تنخواہ دار طبقے پر براہ راست بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا، صوبوں کو محصولات میں اضافی حصہ دینے کا فیصلہ کیا، صوبائی شیئر 2 ہزار 704 ارب سے بڑھ کر 3ہزار 412 ارب ہوجائے گا، یہ اضافہ25 فیصد ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پسے ہوئے طبقات کا احساس ہے، احساس کیش پروگرام میں سالانہ 50 ہزاراحساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپس، لنگر خانے، پناہ گاہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں 210 ارب کو بڑھا کر 260 ارب کردیا گیا ہے،جو 24 فیصد اضافہ ہے۔