• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ سے بیروزگاری و مہنگائی ہوگی، حزب اختلاف


کراچی، لاہور،اسلام آباد (نمائندہ نمائندہ، اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) بجٹ 2021-22 پر اپوزیشن کی تنقید جاری ہے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ تاریخی بیروزگاری مہنگائی میں بجٹ عوام پرمعاشی حملہ ہے، حکومت ریلیف دینے میں ناکام رہی،مہنگائی کی شرح افغانستان سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

بجٹ میں عمران خان کا غریب اور عوام دشمن ایجنڈا واضح ہوگیا، عام آدمی کے معاشی قتل کی اجازت نہیں دینگے، مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کہنا ہے کہ اس سے ترقی اوردفاع خطرے میں پڑ گیا،10فیصد اضافے سے ملازمین سے مذاق کیاگیا۔

حکومت تین سال سے ساراسال منی بجٹ کے جھٹکے دیتی ہے،معاشی دعوؤں پر یقین نہیں ہے، کلبھوشن کیلئے قانون سازی پارلیمنٹ پہ دھبہ ہے،ووٹرزکی بنیاد پرمردم شماری غیرمنصفانہ،اوورسیزپاکستانیوں کیلئے نشستیں مخصوص کریں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہاہے کہ حکومت لوگوں کوریلیف نہ دےسکی،بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پربنا،اس سےآئندہ نسلیں بھی مقروض ہوجائینگی۔ 

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم صدر اورسربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط پر پاس ہونے والے بجٹ سے غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کر دیا سودی قرضوں پر بننے والے بجٹ سے آنے والی نسلیں بھی مقروض ہوتی چلی جارہی ہیں۔ 

لاہور روانگی سے قبل پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمٰن نے کہاموجودہ بجٹ بھی آئی ایم ایف نے بنا یا ہے، جب تک ملک میں آئی ایم ایف کی پالیسیاں چلتی رہیں گی، ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی، نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے پی ڈی ایم 4جو لا ئی کو سوا ت اور 29جو لائی کو کراچی میں عوامی قوت کا بھر پور مظاہرہ کریگی۔

انہوں نے کہا جے یوآئی پاکستان میں غیر اسلامی اور انسانی حقوق سے متصادم اور ائین پاکستان سے متصادم کوئی بھی قانون قبول نہیں کریگی،مدارس اور مساجد کی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا بیرونی دباؤ قبول نہیں کرینگے، وقف املا ک بل آئین،شریعت اور بنیادی انسانی حقو ق کے منافی ہے جے یو آئی نے اس بل کو پہلے ہی دن مسترد کر دیا تھا۔ 

انہوں نے کہاکہ جتنی مہنگائی اس دور حکومت میں ہوئی ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی کسی کے دور حکومت میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف عوامی حکومت ہی دے سکتی ہے سلیکٹیڈ کے بس کی بات نہیں، ہم آئین اور جمہورریت کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے بجٹ کو عوام پر معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر مہنگائی تاریخی ہے، بیروزگاری تاریخی ہے، غربت تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہوسکتا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی اپنا عوام دشمن بجٹ پیش کررہی تھی تو پارلیمان کے باہر سرکاری ملازمین مہنگائی کی دہائیاں دے رہے تھے، سال بدل گیا مگر عوام کے حالات نہ بدلے، بجٹ آگیا مگر غریب کے گھر کا چولہا آج تک بجھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے۔

تازہ ترین