• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ژالہ باری سے ٹوٹنے والے درخت سڑک سے ہٹا دیے۔

شعیب اختر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے قریب سڑک پر موجود ہیں۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب اختر اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر سڑک پر گِرے درخت ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

شعیب اختر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں اپنے گھر کے قریب سڑک کو صاف کرنے کی چھوٹی سی کوشش کررہا ہوں۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ ’آپ لوگ اپنے علاقے کی ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لیے بھی شراکت کرسکتے ہیں اور شہر کے حکام کی مدد کرسکتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ایسا کرنے سے انسان کی طاقت کا بھی اندازہ ہوجاتا ہے۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ لاہور، شکرگڑھ، سیالکوٹ، سوات اور آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔

دوسری جانب بارکھان اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

تازہ ترین