پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دے دی۔
گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے، جبکہ اس جیت کے ساتھ وہ ایونٹ پلے آف کی دوڑ میں اب بھی موجود ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 159 ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیک ویدرآلڈ نے 48 اور اعظم خان نے 33 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
قلندرز کی جانب سے جیمز فولکنر ایک مرتبہ پھر 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جبکہ محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔