اسلام آباد(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے سینئرنائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہاہےکہ چیئرمین نیب مدت ملازمت میں توسیع چاہتے ہیں،عمران خان دینگے، چیئرمین نیب کوحکومت کے کیس نظر نہیں آتے،ہمارے خلاف جعلی کیس ختم کریں تماشا نہ لگائیں۔
نیب کی عدالت میں ہماری پیشی ہے سرکاری گواہ نے کہا کہ ٹرمینل سے ملک کا کوئی نقصان نہیں ہوا، چیئرمین نیب کو رپورٹ جاتی ہو گی اگر ان میں شرم وحیا ہے تویہ جعلی کیس ختم کریں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےانہوں نےکہاکہ حکومت کے کیس چیئرمین نیب کو نظر نہیں آتے،چینی اسکینڈل میں ایف آئی اے گواہ نے اپنے ادارے کیخلاف بیان دیا، ایل این جی کیس میں تو حکومتی گواہ کہہ رہا ہے کوئی نقصان حکومت کا نہیں ہوا۔
اسی گواہ سے پوچھا گیا کرپشن کا الزام ہے اس نے جواب دیا کوئی نہیں ، اسٹیٹ بینک نے 32 صفحات پر ایل این جی سیکٹر کی اسپیشل رپورٹ دی ہے،صرف تین سال میں بجلی کی مد میں اس ٹرمینل کیوجہ سے ملک کے 234 ارب روپے بچے ہیں جس کا کیس ہم پر چل رہا ہے۔