• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن نے وزیراعظم کو کبھی بات کرنے کا موقع نہیں دیا، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کو کبھی بھی پارلیمنٹ میں بات کرنے کا موقع نہیں دیا،ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن تمام تر مسائل کے باوجود حکومت کے ساتھ تعاون کرتی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم اور پی ٹی آئی قیادت کو کبھی بھی پارلیمنٹ میں بات کرنے کا موقع نہیں دیا، حزب اختلاف کے کنڈکٹ نے پارلیمنٹ کو اکھاڑا بنا کر رکھ دیا ہے، پارلیمنٹ میں اچھا ماحول رکھنے کیلئے اپوزیشن کو وزیراعظم اور پی ٹی آئی کی قیادت کی اور ہمیں اپوزیشن لیڈر اور رہنماؤں کی بات سننا ہوگی، ن لیگ نے وزیرخزانہ شوکت ترین کو تقریر نہیں کرنے دی، اپوزیشن کا یہی ارادہ ہے کہ اپنی تقریر کر کے کسی کو بولنے نہیں دیں گے ایسے نہیں چل سکتا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ علی نواز اعوان نے گالیاں جواب میں دی ہیں، علی گوہر گالیاں دیں گے تو کوئی ان پر پھول نہیں پھینکے گا، حکومت کے پاس بجٹ پاس کروانے کیلئے نمبرز ہیں، اپوزیشن ماحول اچھانہیں رکھنا چاہتی تو ہم زبردستی نہیں کرسکتے، ایوان چلانا حکومت اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہوتی ہے، ن لیگ کے اندر کچھ لوگوں کو مریم نواز کی شہ حاصل ہے وہ پارلیمنٹ کو غیر فعال بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف کی ن لیگ پر کوئی گرفت نہیں ہے، شہباز شریف اپنی پارٹی سے منواتے ہیں کہ وزیراعظم کی تقریر تمیز سے سنیں گے تو ہم ان کی بھی گفتگو سنیں گے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن تمام تر مسائل کے باوجود حکومت کے ساتھ تعاون کرتی ہے، مفتاح اسماعیل کی بجٹ تقریر میں شیریں مزاری ان کے مائیک پرآکر نعرے لگارہی تھیں، پی ٹی آئی نے جتنی ہلڑ بازی اپوزیشن میں رہتے ہوئے کی تھی اس کا ہم تصور بھی نہیں کرسکتے، اپوزیشن نے آج اپنی نشستوں سے احتجاج کیا جو جمہوری طریقہ کار ہے، پی ٹی آئی ارکان نے ہماری خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان پچھلے دو دنوں سے وزیراعظم کے حکم پر ہلڑبازی کررہے ہیں، پارلیمان میں ہنگامہ آرائی پر حکومت کے ایک سینئر پارلیمنٹرین سے افسوس کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم کا حکم ہے، فواد چوہدری سمیت دیگر وزراء ہنگامہ آرائی میں پیش پیش تھے، آج پورا سسٹم ایک شخص کی انا اور تکبر کا یرغمال بنا ہوا ہے۔

تازہ ترین