پشاور(نیوز رپورٹر) مردان کے صوبائی حلقہ پی کے 55سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی جمشید خان مہمند نے صوبائی حکومت سے حالیہ بارشون کے باعث تخت بھائی اور مردان کی تحصیلوں میں ہونے والی تباہی کے بعد اس علاقہ کو آفت زادہ قرار دینے کے ساتھ ساتھ وہاں کے کاشتکاروں کو مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا اور خبردار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت نے اس حوالے سے ٹھوس اقداما ت نہ کئے تو وہ عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی شام ہونے والی ژالہ باری اور طوفانی بارشوں سے مردان اور تخت بھائی کے تمام علاقوں میں تمباکو کی فصل کے ساتھ ساتھ گنے، سبزیوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے وہاں کے کا مقامی کاشتکار دیوالیہ ہونے کے قریب ہے انہوں نے کہا کہ وفاق کو صرف تمباکو کی فصل سے ان علاقوں سے 200 ارب ورپے کی ایکسائز ڈیوٹی جاتی ہے اور بدقسمتی سے تمباکو کی فصل کو صرف فصل نہیں بلکہ نارکوٹکس کے لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تمباکو کے کاشتکاروں کو وہ قیمت نہیں مل رہی تھی اور دوسری جانب وہ اس آفت سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو حکومت کے ساتھ اسمبلی میں بھی اٹھائیں گے ۔