بھارت میں بننے والی فلم ’لگان‘ بالی ووڈ سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا ہندی سینما کے مرکزی دھارے میں کیریئر تبدیل کرکے رکھ دیا۔
اس فلم نے عشروں سے بالی ووڈ میں بننے والی فارمولہ فلموں کے رواج کو تبدیل کرکے ایک کلاسک فلم پیش کی۔ اب جبکہ لگان کو ریلیز ہوئے 20 برس ہوچکے ہیں تو اس فلم کو آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔
تاہم جب اس فلم کے ڈائریکٹر اشوتوش گواریکر نے عامر خان کو اس فلم میں کام کے لیے راضی کرنے کے لیے رابطہ کیا تو عامر خان کا کہنا تھا کہ ایسی فلمیں کامیاب نہیں ہوتیں، انکا خیال تھا کہ یہ ایک عجیب اور بے تکی فلم ہوگی۔ تو پھر ایسا کیا ہوا کہ نہ صرف وہ یہ فلم کرنے پر تیار ہوئے بلکہ یہ ان کی پہلی پروڈکشن بھی تھی۔
اشوتوش گواریکر سے ہونے والی گفتگو کو یاد کرتے ہوئے عامر خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب میں نے فلم کا نام لگان سنا اور گفتگو کی تو پانچ منٹ میں ہی اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔
اشوتوش گواریکر نے کوشش جاری رکھی، اور تین ماہ بعد عامر خان کے پاس پوری اسکرپٹ لیکر گئے، عامر کے مطابق وہ اشوتوش کی بار بار کی گفتگو سے کچھ چڑ سے گئے لیکن کیونکہ وہ دوست تھے اس لیے انھوں نے اسکرپٹ پلے پوری سنی، تاہم انھیں کمرشل سنیما کے حوالے سے اس اسکرپٹ پر اب بھی اعتماد نہیں تھا۔
جس کے بعد عامر خان نے اپنے والدین سے مشورہ کیا جنھوں نے عامر خان کو یہ فلم کرنے پر راضی کیا۔
اس سے قبل عامر خان نے اپنے فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر والد طاہر حسین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کبھی بھی فلم پروڈیوس نہیں کرینگے لیکن لگان نے انکا یہ وعدہ بھی تبدیل کروادیا، اور انھوں نے 25 کروڑ روپے ایک ایسی فلم پر لگائے جوکہ دیہی پس منظر پر مبنی تھی جو کہ بڑا رسک تھا۔ اور پھر چار سال کی محنت کے بعد جب یہ فلم بنی تو اس نے عامر خان کا کیریئر ہی تبدیل کردیا۔