وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے بہت سے سفارت خانوں کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔
وزارت خارجہ اسلام آباد میں ’ایف ایم پورٹل‘ کی تعارفی تقریب ہوئی، جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
تقریب میں ’ایف ایم پورٹل‘ کے خد و خال اور اغراض و مقاصد سے متعلق بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس پورٹل کے ذریعے اپنی تجاویز بھی ارسال کر سکیں گے۔
بریفنگ میں مزید کہاگیا کہ پورٹل کو ابتدائی طور پر وزارتِ خارجہ اور 5 پاکستانی سفارتخانوں جدہ، دبئی، بارسلونا، لندن اور نیویارک کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی نے اعتراف کیا کہ ہمارے بہت سے سفارت خانوں کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 9 ملین سے زیادہ پاکستانی بیرون ملک موجود ہیں، اس مرتبہ ہماری ترسیلات زر 29 ارب ڈالرز سے زائد رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فیصلہ سازی میں شمولیت کا حق دینا چاہتے ہیں، اس سے متعلق قانون سازی کا آغاز کردیا ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن میں شمولیت کا حق دینا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ ڈیجیٹل روشن پاکستان سے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔