لاہور کے مدرسے میں طالب علم سے زیادتی کی ویڈیو کے معاملے پر متاثرہ طالب علم صابر شاہ کا موقف بھی سامنے آگیا۔
طالب علم صابر شاہ نے الزام لگایا کہ مفتی عزیز نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو سامنے آنے پر اب اس کے بیٹے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
مفتی عزیز نے ویڈیو بیان میں کہا کہ انہیں نشہ آور چیز پلائی گئی تھی، وہ ہوش و حواس میں نہیں تھا۔
لاہور کے علاقے صدر میں واقعہ مدرسے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں وفاق المدارس کا صدر اور جے یو آئی ف کا نائب امیر مفتی عزیز الرحمن اپنے شاگرد صابر شاہ کے ساتھ زیادتی کرتا ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد طالب علم صابر شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مفتی عزیز الرحمن کے بیٹے بلیک میل کر رہے ہیں اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے رہے ہیں۔ اگر انصاف نہ ملا خود کشی کر لوں گا۔
مدرسے کے مہتمم اسد اللّٰہ فاروق کی جانب سے جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مفتی عزیز الرحمن اور ان کے بیٹے کو مدرسے سے چلے جانے کا کہہ دیا ہے۔ ادارہ ان کے کسی قول و فعل کا ذمہ دار نہیں۔
سیکرٹری جنرل جے یو آئی ف لاہور کی جانب سے بھی ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو کے بعد جے یو آئی نے بھی مفتی عزیز کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک مفتی عزیز کو سبکدوش کر دیا ہے۔
دوسری جانب مفتی عزیز الرحمن نے اپنے ایک ویڈیو میسج میں کہا ہے کہ حلفیہ کہتا ہوں صابر شاہ کو میرے خلاف استعمال کیا گیا۔
ویڈیو وائرل ہونے پر مقامی پولیس بھی مدرسے پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبعم صابر شاہ تاحال غائب ہے۔ طالب علم نے مقدمہ درج نہ کروایا تو پولیس اپنی مدعیت میں کارروائی کرے گی۔