• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکول والدین کو مخصوص مقام سے یونیفارم اور اسٹیشنری خریدنے کا پابند نہ کریں،ڈی جی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل نجی انسٹیٹیوشنزڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے سندھ کے تمام نجی تعلیمی اداروں اداروں کے لئے گشتی مراسلےارسال کیے تھے جن میں اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی سالانہ امتحانات کے نتائج کے ساتھ تمام نجی تعلیمی ادارے بچوں کو درکارکتابیں ، کاپیاں ، اسٹیشنری ، یونیفارم وغیرہ کی فہرست فراہم کریں تاکہ والدین اپنی مرضی سے یہ سامان خرید سکیں۔ ، نجی تعلیمی ادارے والدین کو ان اشیا کو کسی مخصوص مقام سے خریدنے کا پابندنہ کریں۔ جب کہ نجی تعلیمی ادارے طلبہ سے صرف منظور شدہ فیس وصول کرنے کے پابند ہیں کوئی غیر قانونی فیس وصول نہیں کریں گے مختلف دن منانے کے لئے مختلف ناموں سے کوئی فیس وصول نہیں کریں گے۔ غیر قانونی فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کو مزید ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ سے منظور شدہ فیسوں کو اسکول کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں تاکہ والدین کو معلوم ہوجائے کہ انہیں ماہانہ فیس کتنی ادا کرنی ہے۔ اس سلسلے میں ، ڈائریکٹر جنرل نجی ادارہ سندھ ، ڈاکٹر منصوب حسین صدیقی نے ڈپٹی ڈائریکٹر مسٹر رفیع جاوید کی سربراہی میں اپنے دفتر میں شکایات سیل بھی قائم کیا ہے جہاں والدین اپنی شکایات کو شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کے ساتھ تحریری طور پر درج کراسکتے ہیں۔ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ اسی طرح ، سندھ بھر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اپنے علاقوں میں شکایات مراکز قائم کریں۔ جو شکایت ملنے پر دورہ کرکے خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کریں۔ کمیٹی کی رپورٹ پر ڈائریکٹر جنرل ایسے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کریں گے تاکہ والدین کو سہولت مل سکے۔

تازہ ترین