سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آج کراچی سائیٹ زون میں نئی 15 سڑکوں کا افتتاح ہونے جارہا ہے جبکہ ماڑی پور روڈ کو مکمل کردیاگیا ہے، کراچی شہرکے لیے نئے مالی سال میں نئے منصوبے شامل کئے گئے ہیں، نئے سال میں شہری نئی سڑکیں، انڈر پاسز اورفلائی اوورز بنتے دیکھیں گے، سندھ حکومت اپنے فنڈز کو استعمال کرتے ہوئے یہ کام کررہی ہے۔
سندھ اسمبلی کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے سائیٹ کے صنعتی ورکرز سے وعدہ کیا تھا اور اس کی تکمیل ہورہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کسی نعرے اور وعدے کو پورا نہیں کیا، ملیرلنک روڈ اور ملیر ایکسپریس وے اس کے علاوہ ہے، وعدے تو وفاقی حکومت نے بھی کیے۔
اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سےسوال کریں کہ انہوں نے کون سا اعلان یا وعدہ پورا کیا، وزیراعظم کے پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے موجود ہے، پیپلزپارٹی سندھ کی عوام کے مفاد میں کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہورہی ہے، کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں پابندیوں کے اثرات نظر آئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کیسز کم ہونے کے بعد سختیوں میں کمی کی گئی ہے، 28 جون سے سندھ بھر کی درگاہیں کھل جائیں گی، لوگ ایس اوپیز کا خیال رکھیں، اسکولز بھی کھل رہے ہیں، پرائمری اسکولز بھی کھل رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور مدد کے بغیر کیسز میں کمی ممکن نہیں تھی، شہری خود کو ویکسینیٹ کروائیں تاکہ اس وباء سے محفوظ رہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں دیکھا کہ حکومت قومی اسمبلی میں احتجاج کرے، پی ٹی آئی دور میں حکومتی ارکان بجٹ سیشن میں ہنگامہ کررہے تھے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے غربت افلاس بیروزگاری اور مہنگائی پر بات کی، کارکردگی بتانے کے بجائے حکومت ذاتیات پر اتر آئی ہے، پی ٹی آئی نے بیڑہ غرق کیا ہے، پارلیمان کی بےتوقیری کرکے کیا، پیغام دیا جارہا ہے گالم گلوچ کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کہ جن لوگوں کو کراچی نےطاقت دی انہوں نے شہر کو نظر انداز کیا جب ان کے پاس سب اختیارات تھے تو کراچی کے لیے کیا کیا؟ کراچی کی مردم شماری کم دکھانے پر ایم کیو ایم کیوں خاموش رہی؟ کیا حیدرآباد میں یونیورسٹی بن گئی ہے؟
اُنہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اب اپنے نعروں سے لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کررہی ہے، ایم کیوایم اپنی سیاست کو بچانے کے لئے تفریق کو پروان چڑھارہی ہے، ہم نے تفریق اور منفی سیاست کا خاتمہ کیا۔