مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیری کے شعبے میں آسٹریلیا کے تجربے سے سیکھ سکتا ہے۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر جیفری شا نے شہباز شریف سے ملاقات لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران گفتگو شہباز شریف نے کہا کہ آسٹریلیا نے قابل تحسین کوششوں سے کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں معیشت و تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ زراعت بالخصوص ڈیری اور گندم کے شعبے میں دو طرفہ تعاون وقت کی ضرورت ہے، پاکستان ڈیری کے شعبے میں اسٹریلیا کے تجربے سے سیکھ سکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ طلبا ایکسچینج پروگرام کے فروغ سے تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھ سکتا ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل ٹریڈ کے شعبے میں دونوں ممالک میں تعاون سے باہمی مفاد حاصل ہوسکتا ہے۔
ن لیگی اعلامیے کے مطابق آسٹریلین ہائی کمشنر نے دوران گفتگو ن لیگی دور میں ترقیاتی منصوبوں پر شہباز شریف کی کارکردگی کی تعریف کی۔