کراچی(ٹی وی رپورٹ)ایم کیو ایم لندن کا بھارتی خفیہ ایجنسی را سے گٹھ جوڑ سامنے آگیا۔ سی ٹی ڈی نے انیس ایڈوکیٹ اور واسع جلیل کے گرد گھیرا تنگ کردیا، انیس ایڈوکیٹ کا شناختی کارڈ بلاک کرکے ان کے بیرون ملک جانے پرپابندی عائد کردی جبکہ واسع جلیل کو وطن واپس لانے کیلئے انٹرپول سے مدد طلب کرلی۔ سی ٹی ڈی نے وفاقی حساس ادارے کی مدد سے میرپورخاص سے مزید 2 کارندے گرفتارکر کے ان کے قبضے سے اینٹی ایئر کرافٹ گن سمیت دیگر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہد حامد نے ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن عارف عزیز کے ہمراہ سی ٹی ڈی سول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چند ہفتے قبل سی ٹی ڈی نے وفاقی حساس ادارے کی مدد سے لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن گروپ کے تین دہشت گرد نعیم احمد، عمران احمد اورعلیم الدین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اپنا تعلق ایم کیو ایم لندن گروپ کی چھ رکنی دہشت گرد ٹیم سے ظاہرکیا تھا جن میں میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے2 کارکنان بھی شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں نے دوران تفتیش ایم کیو ایم کے کچھ لیڈرز کے نام بھی بتائے تھے۔ اسی تناظر میں گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ میر پور خاص میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے لندن گروپ کے مزید 2 دہشت گرد وجیہہ اورعبدالنعیم کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ڈشوکا اینٹی ایئر کرافٹ گن، 2 رائفلیں، ایک عدد 222 رائفل، 44 ہینڈ گرنیڈ ،2 اعوان گولے، 2 پستول اورایمیونیشن برآمد کر لیا تھا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ 1998 سے 2003 کے درمیان بانی ایم کیو ایم کے ایما پرانیس ایڈوکیٹ اور واسع جلیل نے ایک نظام متعارف کرایا تھاجس میں اندرون سندھ کے کارکنان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تربیت دلواکر مختلف دہشت گرد کارروائیوں کیلئے استعمال کرانا تھا۔